کالا پل بائی پاس روڈ منصوبوں میں بے ضابطگیوں کا الزام
کمپنی نے تعمیراتی کام میں مقررہ معیار اور سرکاری ضوابط کو نظر انداز کیا:شہری
گجرات(سٹی رپورٹر ) گجرات میں تقریباً 91 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سڑک کے منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں، ناقص تعمیراتی کام اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزامات سامنے آگئے ۔ ایک شہری نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب لاہور کو درخواست دے کر معاملے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔ درخواست گزار سید خرم عباس شاہ سکنہ سوک کلاں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ گجرات میں یونیورسٹی آف گجرات چوک کالا پل بائی پاس روڈ (ڈبل روڈ) کا منصوبہ تقریباً 91 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے جبکہ مذکورہ سڑک کی لمبائی تقریباً 6 کلومیٹر بتائی گئی ہے ۔درخواست کے مطابق منصوبے کا ٹھیکہ ایک کمپنی کو دیا گیا، جس نے مبینہ طور پر تعمیراتی کام میں مقررہ معیار اور سرکاری ضوابط کو نظر انداز کیا۔ درخواست گزار نے الزام عائد کیا ہے کہ منصوبے کے تعمیراتی کام اور مٹیریل کے معیار میں مبینہ طور پر سنگین بے ضابطگیاں کی گئی ہیں جبکہ سڑک کی تعمیر کے حوالے سے بھی متعدد تحفظات موجود ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments