سمبڑیال:سگنل پرابلم ، عملہ غائب ،سستا پٹرول ملنا محال

سمبڑیال:سگنل پرابلم ، عملہ غائب ،سستا پٹرول ملنا محال

پٹرول پمپ ملازمین کبھی صبح ، کبھی شام آ نے کا کہہ کر شہریوں کو خوار کر نے لگے

سمبڑیال(سٹی رپورٹر )سمبڑیال میں سستا پٹرول نایاب، کہیں سگنل پرابلم ، کہیں متعلقہ افراد غائب، شہری خوا ر ہونے لگے ، شہریوں کا اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لیتے ہوئے پٹرول پمپ مالکان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ۔ روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ اوربڑھتی ہوئی مہنگائی کے حوالے سے وفاقی حکومت کی طرف سے شہریوں کو100روپے فی لٹر سبسڈی دی گئی تھی مگر سمبڑیال میں قائم پٹرول پمپ مالکان نے حکومتی احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے شہریوں کیلئے سستا پٹرول کا حصول خواب بنا دیا جس پر شہری سراپااحتجاج ہیں۔ شہریوں عبدالحنان ، عدیل احمد، اذان ، عثمان جمیل ، راشد ،اختر علی ، نعمان ، ذکا اﷲ ، عابد، ذیشان سمیت دیگر کا کہنا ہے کہ سستے پٹرول کے نام پر شہریوں کو ذلیل وخوار کیا جارہا ہے پٹرول پمپ ملازمین کبھی سگنل نہ آنے اورکبھی متعلقہ افراد کی غیر موجودگی اورکبھی صبح اورکبھی شام کو آنے کا کہہ کر شہریوں کو پٹرول پمپس کے چکر لگوالگوا رہے ہیں ،باربار چکر لگانے سے 100روپے کی بچت کے بجائے زیادہ پٹرول بھی خرچ ہورہا ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ،اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام سے فور ی نوٹس لیتے ہوئے پٹرول پمپس مالکان کے خلاف کاروائی کرنے سمیت پٹرول کی رعایتی قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثنا شہریوں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو چاہیے کہ پٹرول کی فراہمی کے حوالے رجسٹریشن اورمخصوص طبقہ کی شرائط ختم کر کے تمام شہریوں کو بلا تفریق رعایتی قیمت پر پٹرول فراہم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...