مختلف محکموں کا مشتر کہ آپریشن ،3 پیرو آئل پلانٹس سیل
محکمہ تحفظ ماحولیات، پیرا ، ستھرا پنجاب اور گیپکو کی مختلف علاقوں میں کارروائی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)غیر قانونی پیرو آئل پلانٹس کیخلاف 4 محکموں کا مشترکہ آپریشن ،ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کی ہدایت اور اے ڈی اے انفورسمنٹ فہد اعجاز بٹ کی زیرنگرانی محکمہ تحفظ ماحولیات گوجرانوالہ نے غیر قانونی پیرو آئل پلانٹس کیخلاف کارروائی کی ۔ انوائرنمنٹ پروٹیکشن فورس، PERA فورس کامونکے ، ستھرا پنجاب کامونکے اور گیپکو کی مشترکہ ٹیموں نے بیگ پور روڈ سادھوکی، تحصیل کامونکے اور موضع اڑتالی ورکاں میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی پیرو آئل پلانٹس کو سیل کردیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرنمنٹ انجینئر عمران میو کی نگرانی میں ہونے والے آپریشن کے دوران عدنان جعفر کے پیرو پلانٹ کو سیل کیا گیا جبکہ مالک کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت پر مقدمہ درج کر ا دیا گیا۔ گیپکو حکام نے مذکورہ پلانٹ کا بجلی کا کنکشن بھی منقطع کر دیا۔کارروائی کے دوران عثمان جعفر کے پیرو پلانٹ کو بھی سیل کیا گیا جبکہ موضع اڑتالی ورکاں میں فیصل خالد کے پیرو پلانٹ کو سیل کر کے مالک کے خلاف تھانہ تتلے عالی میں مقدمہ درج کروا دیا گیا۔محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق مذکورہ پلانٹس کے مالکان کو متعدد بار قانونی نوٹسز جاری کیے گئے ، ایف آئی آرز درج کی گئیں اور پلانٹس کو سیل بھی کیا گیا تاہم بعض عناصر کی جانب سے سرکاری سیل توڑ کر دوبارہ غیر قانونی سرگرمیاں شروع کر دی جاتی تھیں۔محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق متعلقہ افراد کی جانب سے عدالت سے رجوع کیا گیا اور حاصل کیے گئے حکمِ امتناعی میں بھی پلانٹس چلانے کی اجازت موجود نہیں تھی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments