مچھلی فرائی سٹالز مسمار، نیو خانکی بیراج کی رونقیں ماند
شہریوں اور سیاحوں کی آمد میں بھی نمایاں کمی،انتظامیہ سے اصلاح کا مطالبہ
جامکے چٹھہ (نمائندہ پاکستان)مچھلی فرائی سٹالز مسمار، نیو خانکی بیراج کی رونقیں ماند پڑ گئیں ۔ نیو خانکی بیراج پر قائم مچھلی فرائی اور تکہ مچھلی کے سٹالز کو متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے مسمار کیے جانے کے بعد تفریحی مقام کی رونقیں ماند پڑ گئی ہیں جبکہ شہریوں اور سیاحوں کی آمد میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ۔واضح رہے کہ نیو خانکی بیراج پر عرصہ دراز سے مچھلی فرائی اور تکہ مچھلی کے متعدد سٹالز قائم تھے ، جہاں دور دراز علاقوں سے آنے والے شہری دریائے چناب اور بیراج کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ تازہ مچھلی کے پکوان بھی کھاتے تھے ۔ خصوصاً شام کے اوقات میں بیراج پر شہریوں، خاندانوں اور نوجوانوں کا رش دیکھنے کو ملتا تھا، جس سے علاقے کی رونق دوبالا ہو جاتی تھی۔تاہم انتظامیہ کی جانب سے مچھلی فرائی سٹالز کو مسمار کیے جانے کے بعد بیراج پر آنے والے شہریوں کو تفریح کے ساتھ کھانے پینے کی وہ سہولت میسر نہیں رہی۔ مقامی افراد کے مطابق سٹالز ختم ہونے کے بعد لوگوں نے نیو خانکی بیراج کا رخ کم کر دیا جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ اہل علاقہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نیو خانکی بیراج کو باقاعدہ تفریحی مقام کے طور پر ترقی دی جائے ، صفائی اور سکیورٹی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں اور مچھلی فرائی و دیگر کھانے پینے کے سٹالز کیلئے مناسب جگہ مختص کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments