لالہ موسیٰ:محکمہ تعلیم کی عمارت عدم استعمال سے خستہ حال
اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر کا دفتر منتقل ہو نے کے بعد مختلف حصے ٹوٹ پھوٹ کا شکار
لالہ موسیٰ ( نمائندہ دنیا )گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول لالہ موسیٰ سے متصل محکمہ تعلیم کے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مرکز لالہ موسیٰ کا دفتر طویل عرصے سے جی ٹی روڈ پر واقع بہاری کالونی مڈل سکول کی عمارت میں منتقل ہونے کے باعث سابق دفتر کی سرکاری عمارت عدم استعمال کے نتیجے میں تیزی سے خستہ حالی کا شکار ہو نے لگی ،ذرائع کے مطابق عمارت کے مختلف حصے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ وہاں موجود سرکاری ریکارڈ اور دیگر سامان کی حفاظت بھی تشویش کا باعث بن رہی ہے ،عمارت میں نشہ کرنے والے افراد اور آوارہ جانوروں کی آمدورفت کی اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں جس سے قیمتی سرکاری اثاثے کے مزید نقصان کا خدشہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں مذکورہ عمارت کی دیواروں اور دیگر حصوں کی مرمت پر لاکھوں روپے خرچ کیے جا چکے ہیں تاہم مستقل استعمال اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث عمارت ایک مرتبہ پھر بوسیدگی کی طرف بڑھ رہی ہے ،دوسری جانب یہ اطلاعات بھی گردش کر رہی ہیں کہ بعض نجی افراد کی کمرشل نوعیت کی اس قیمتی سرکاری عمارت کو لیز پر حاصل کرنے میں دلچسپی ہے تاہم محکمہ تعلیم کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کی ملکیتی قیمتی عمارت اگر AEO دفتر کے لیے استعمال نہیں ہو رہی تو اسے کسی دوسرے تعلیمی یا سرکاری مقصد کیلئے بروئے کار کیوں نہیں لایا جا رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments