وزیرآباد:تجارتی مراکز میں رکشوں کے غیرقانونی اڈے قائم

وزیرآباد:تجارتی مراکز میں رکشوں کے غیرقانونی اڈے قائم

مین بازار، بکر گلہ، موتی بازار، سول ہسپتال ،برتن بازار چوک میں ٹریفک درہم برہم

وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )شہر کے اہم تجارتی مراکز میں چنگ چی رکشوں کے غیرقانونی اڈے شہریوں کیلئے شدید مشکلات کا باعث بن گئے ۔ مین بازار، بکر گلہ، موتی بازار، برتن بازار چوک، سول ہسپتال اور لاہوری دروازہ سمیت دیگر اہم مقامات پر چنگ چی رکشوں کے بے ہنگم اور غیرقانونی اڈوں کے قیام سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ۔شہریوں اور دوکانداروں کے مطابق مذکورہ مقامات پر سڑکوں اور چوراہوں کے اطراف چنگ چی رکشے بڑی تعداد میں کھڑے رہتے ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کے لیے بھی راستہ انتہائی محدود ہو جاتا ہے ۔ خریداری کے لیے آنے والی خواتین، بچوں اور بزرگ شہریوں کو گزرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ رش کے اوقات میں صورتحال مزید گھمبیر ہو جاتی ہے ۔سول ہسپتال اور اس کے اطراف چنگ چی رکشوں کے اڈوں کے باعث ایمبولینسوں کی آمدورفت بھی متاثر ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مریضوں کو لے کر آنے والی ایمبولینسوں کو رش اور غیرمنظم پارکنگ کے باعث راستہ بنانے میں مشکلات پیش آتی ہیں جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریضوں کی زندگی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی، ٹریفک پولیس اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مین بازار، بکر گلہ، موتی بازار، برتن بازار چوک، سول ہسپتال اور لاہوری دروازہ سمیت شہر کے تمام اہم مقامات سے غیرقانونی رکشہ اڈے ختم کر ا کر ٹریفک کی روانی بحال کی جائے اور ایمبولینسوں کیلئے ہنگامی راستہ ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...