افغانستان میں ڈرون لانچ اور ذخیرہ کرنے والے 10 مقامات کو نشانہ بنایا: عطا تارڑ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان 23 ستمبر 2026 کو افغان سرزمین سے پاکستان میں ڈرونز کے ذریعے کی جانے والی دانستہ اور غیر قانونی دراندازی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے، یہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی اور جارحیت کی ایک سنگین اور ناقابلِ قبول کارروائی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان گزشتہ کئی برسوں سے افغان طالبان حکومت اور اس کے متعلقہ فریقوں کو افغان سرزمین پر دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور ان کے معاون نیٹ ورکس کی مسلسل موجودگی کے بارے میں اپنی شدید تشویش سے آگاہ کرتا رہا ہے۔
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) September 24, 2026
انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف ان نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور قابلِ اعتماد و قابلِ تصدیق اقدامات کرنے کے بجائے، افغان طالبان حکومت نے پاکستان کے خلاف دشمنانہ ڈرون کارروائیوں کے ذریعے صورتِ حال کو مزید کشیدہ کرنے کا راستہ اختیار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے تمام درانداز ڈرونز کا بروقت سراغ لگایا، انہیں ٹریک کیا اور ان کے اپنے متعین اہداف تک پہنچنے سے قبل ہی انہیں ناکارہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں حملے کی کوشش کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا گیا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ اپنے دفاع کے حق کے استعمال میں پاکستان نے افغانستان میں ایسے 10 مقامات پر درست اور محدود فضائی و ڈرون حملے کیے جہاں سے یہ ڈرونز لانچ کیے جاتے تھے اور ذخیرہ کیے جاتے تھے، یہ حملے درست، متناسب اور محدود نوعیت کے تھے اور صرف ان مخصوص فوجی اہداف تک محدود رہے جو پاکستان کے خلاف ہونے والے حملوں کی کوشش سے براہِ راست منسلک تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان افغان سرزمین سے ہونے والے حملوں کو، خواہ وہ دہشت گرد گروہوں کی جانب سے ہوں یا خود افغان طالبان حکومت کی جانب سے، نہ قبول کرے گا اور نہ برداشت کرے گا، پاکستان کی خودمختاری کی کسی بھی خلاف ورزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان افغان طالبان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری طور پر پاکستان کے خلاف تمام دشمنانہ سرگرمیاں بند کرے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر، ٹھوس، قابلِ تصدیق اور مستقل اقدامات کرے، افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف حملے کرنے یا دشمنانہ کارروائیاں انجام دینے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments