علی پورچٹھہ:تجاوزات کیخلاف کارروائی ،کئی ریڑھیاں توڑ دیں

علی پورچٹھہ:تجاوزات کیخلاف کارروائی ،کئی ریڑھیاں توڑ دیں

تجاوزات کے خاتمے کیساتھ ریڑھی بانوں کے روزگار کا متبادل انتظام کیا جائے :متاثرین

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ میں ریڑھی بانوں کیخلاف کریک ڈاؤن ، بیسیوں خاندانوں کا روزگار متاثر، متعدد ریڑھیاں توڑ دی گئیں جبکہ کئی ریڑھیاں اور سامان میونسپل کمیٹی کا عملہ اٹھا کر لے گیا۔ متاثر ین نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ریڑھی بانوں کے روزگار کا بھی متبادل انتظام کیا جائے ۔ چند روز قبل ڈپٹی کمشنر کے دورہ علی پورچٹھہ کے بعد میونسپل کمیٹی کی جانب سے تجاوزات اور ریڑھی بانوں کے خلاف کارروائی کی گئی،اس دوران متعدد ریڑھیاں توڑنے کے ساتھ کئی ریڑھیاں اور سامان تحویل میں لے لیا گیا، کارروائی کے بعد بیشتر ریڑھی بان بچا کھچا سامان سمیٹ کر گلی محلوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہو گئے ۔متاثرہ ریڑھی بانوں کا کہنا ہے کہ اگر دکانوں کے بھاری کرائے ادا کرنے کی استطاعت رکھتے تو سڑک کنارے ریڑھیاں لگانے پر مجبور نہ ہوتے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محض ریڑھیاں توڑنے یا سامان اٹھانے سے مسئلہ مستقل حل نہیں ہوگا ۔ شہریوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ مین سڑک پر موجود متعدد بجلی کے کھمبے اور دیگر رکاوٹیں بھی سڑک کی کشادگی اور ٹریفک روانی میں رکاوٹ بنتی ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...