صنعتوں پر محکمہ تحفظ ماحول کے چھاپوں پر اظہار تشویش

 صنعتوں پر محکمہ تحفظ ماحول کے چھاپوں پر اظہار تشویش

حل کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائیگی ،غزت نفس پر سمجھوتہ نہیں ہوگا :غلام حسین

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کی نو منتخب قیادت نے چارج سنبھالتے ہی تاجر برادری اور صنعتکاروں کو درپیش ماحولیاتی مسائل پر پہلا بڑا اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے چیمبر میں میٹل ایسوسی ایشن اور سکریپ ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس منعقد کیا جس کی صدارت نو منتخب صدر گوجرانوالہ چیمبر شیخ غلام حسین جج نے کی جبکہ اس موقع پر سینئر نائب صدر ارشد مغل، نائب صدر رانا فرحان اصغر، سابق صدر و چیئرمین بزنس گروپ رانا ناصر، ایگزیکٹو اراکین اور میٹل و سکریپ ایسوسی ایشنز سے وابستہ تاجروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے باقاعدہ ایجنڈے کے تحت دونوں ایسوسی ایشنز نے محکمہ تحفظِ ماحول کی جانب سے صنعتی یونٹس پر کئے جانے والے چھاپوں، نوٹسز اور چالانز کے حوالے سے شدید تحفظات اور درپیش مسائل سامنے رکھے اور آگاہ کیا کہ متعدد تاجر ایئر پولوشن کنٹرول اور فلٹریشن پلانٹس لگا کر ایس او پیز پر عمل کر رہے ہیں تاہم جن فیکٹریوں میں تکنیکی بنیادوں پر پلانٹس کی تنصیب باقی ہے انہیں لازمی طور پر مناسب وقت دیا جائے تاکہ صنعتی عمل متاثر ہوئے بغیر ماحولیاتی قوانین کی پاسداری ممکن بنائی جا سکے ۔ صدر شیخ غلام حسین جج نے تاجروں کے تحفظ کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ چیمبر تاجر برادری کی عزتِ نفس اور صنعتی ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اس مسئلے کا روایتی کے بجائے مستقل و پائیدار حل نکالا جائے گا جس کیلئے فوری طور پر صنعتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو EPA، سیکرٹری اینوائرنمنٹ اور صوبائی حکومت کے ساتھ باضابطہ قانونی و انتظامی بنیادوں پر بات چیت کریگی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...