جامکے چٹھہ:نکاسی کا نظام نہ ہونے سے پانی گلیوں میں جمع
زیر زمین پانی بھی متاثر ، پینے کے قابل نہیں رہا ،لوگ بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے
جامکے چٹھہ(نامہ نگار)جامکے چٹھہ بڑی آبادی پر مشتمل قصبہ ہے جہاں آج بھی نکاسی آب نہ ہونے اور جدید سیوریج سسٹم نہ ہونے اورسیم نالہ کئی سالوں سے بند رہنے اور نالیوں کی باقاعدہ صفائی نہ ہونے کے باعث گندا اور آلودہ پانی گلیوں میں جمع رہنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ گلیوں اور نالیوں میں مسلسل کھڑا رہنے والا آلودہ پانی جذب ہو کر زیرِ زمین پانی کو بھی متاثر کر رہا ہے ۔ نتیجتاً تقریباً 400 فٹ گہرے بور والے نلکوں اور موٹروں کا پانی بھی پیلا اور آلودہ ہو چکا ہے جو پینے کے قابل نہیں رہا۔شہریوں کے مطابق یہی آلودہ پانی استعمال کرنے کی وجہ سے لوگ معدے ، جلد اور دیگر موذی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ تعفن اور گندگی کے باعث مچھروں کی افزائش بھی بڑھ گئی ہے جس سے ڈینگی اور دیگر وبائی امراض کا خطرہ پیدا ہو گیا ۔اہلیانِ جامکے چٹھہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، ضلعی انتظامیہ، واسا اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر جدید سیوریج سسٹم کی منظوری دی جائے ، بند سیم نالہ کھولا جائے ، نالیوں کی صفائی کا مستقل انتظام کیا جائے اور شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ دیرینہ مسئلے کا مستقل حل ممکن ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments