گوجرانوالہ ریجن میں بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری کیلئے 40 نئے فیڈرز کی منظوری
منصوبے پر 3ارب 40کروڑ روپے لاگت آئیگی ،940کھمبے نصب ہونگے ،کام آئندہ برس جون تک مکمل ہو گا ،لائن لاسز میں کمی ہو گی ، گیپکو کے سالانہ 4کروڑ 55لاکھ یونٹس محفوظ ہونگے
گوجرانوالہ (عثمان مہر،سٹی رپورٹر)گیپکو نے گوجرانوالہ ریجن میں بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری کیلئے 40 نئے فیڈرز کی منظوری دے دی جن کی مجموعی لاگت 3 ارب 40کروڑ روپے سے زائد ہے ۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ،گجرات،نارووال،منڈی بہا ئوالدین اور حافظ آباد میں بجلی کی ترسیل بہتر بنانے اور لائن لاسز کو کم کرنے کیلئے نئے فیڈرز کے قیام کیلئے کام شروع کردیا ۔نئے فیڈرز سے گیپکو کے لائن لاسز میں کمی ہوگی، گیپکو کے موجودہ لائن لاسز 9.18 فیصد ہیں، نئے فیڈرز سے لائن لاسز 8.8 فیصد رہ جائیں گی ۔گیپکو کے چیف انجینئرپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ محمد اشرف علی نے بتایا کہ نئے فیڈرز کے تعمیراتی کام کو جون 2027 تک مکمل کیا جائے گا جس سے گیپکو کے سالانہ 4کروڑ 55 لاکھ یونٹس محفوظ ہونگے اور مجموعی طور پر ایک ارب 37 کروڑ روپے کی سالانہ بچت ہوگی ،نئے فیڈرز کو فعال کرنے کیلئے 940 ایل ٹی اور ایچ ٹی پولز بھی نصب کئے جارہے ہیں جو گیپکو کے گرڈ سٹیشنز سے منسلک کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ نئے فیڈرز بننے سے صارفین کوبلا تعطل بجلی کی فراہمی میں بہتری آئیگی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments