راہوالی :پیسوں کے تنازع پر شہری پر تشدد، انگلی توڑ دی
موبائل توڑنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام، مقدمہ درج
راہوالی (نمائندہ دنیا) ساڑھے تین لاکھ روپے کی واپسی کے تنازع پر شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے ، آہنی راڈ مار کر انگلی توڑنے ، موبائل فون توڑنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں تھانہ کینٹ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔محلہ صدیق پورہ راہوالی کے رہائشی ضمیر خان نے پولیس کو درخواست دی کہ نجف کالونی کے رہائشی ظہیر احمد سے اس نے ساڑھے تین لاکھ روپے لینے تھے ۔ ملزم ثاقب نے رات نو بجے فون کرکے اسے رقم لینے کے لیے بلایا۔ ضمیر خان کے مطابق جب وہ وہاں پہنچا تو ظہیر احمد نے نقد رقم دینے کے بجائے چیک دے دیا۔ اس پر اس نے نقد رقم کا مطالبہ کیا تو ملزم طیش میں آگیا اور گالم گلوچ شروع کر دی۔درخواست گزار کے مطابق ملزم ظہیر احمد نے اپنے بھائی ثاقب، زنیر اور دو نامعلوم افراد کو بھی بلا لیا، جنہوں نے مل کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔
الزام ہے کہ ثاقب نے آہنی راڈ سے وار کیا، جس سے اس کے دائیں ہاتھ کی انگلی ٹوٹ گئی، جبکہ دیگر ملزمان نے تھپڑوں، مکوں اور دستی ہتھیاروں سے تشدد کرکے اسے مزید زخمی کر دیا۔ملزموں نے اس کا موبائل فون بھی چھین کر زمین پر دے مارا، جس سے سات ہزار روپے مالیت کا فون ٹوٹ گیا۔موقع پر پہنچنے والے امین اور عثمان حسن، ساکنان نجف کالونی، نے مداخلت کرکے اس کی جان چھڑائی۔ ملزمان نے دوبارہ رقم کا مطالبہ کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ زخمی ضمیر خان کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے طبی رپورٹ حاصل کرنے کے بعد اس نے تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کرا دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments