وزیرآباد :جی ٹی روڈ تا بھٹی منصور کارپٹ روڈ کی تعمیر شروع
سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے آمدورفت کی سہولیات بہتر ہوں گی:بلال فاروق
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر) جی ٹی روڈ تا بھٹی منصور کارپٹ روڈ کی تعمیر کا سنگ بنیاد، اہل علاقہ کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے بیرسٹر بلال فاروق تارڑ اور ایم پی اے وقار احمد چیمہ نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زمان چیمہ، شاہد چیمہ، نواز چیمہ، ناصر چیمہ، علی اکبر چیمہ، خالد گھمن، ضیا اللہ چیمہ، افضل چیمہ، اعجاز بھٹی اور چودھری عابد نمبردار سمیت معززین علاقہ موجود تھے ۔ بلال فاروق تارڑ نے کہا کہ علاقے میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے نہ صرف آمدورفت کی سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ عوام کو درپیش مشکلات میں بھی کمی آئے گی۔ وقار احمد چیمہ نے کہا کہ جی ٹی روڈ تا بھٹی منصور کارپٹ روڈ کی تعمیر سے اہل علاقہ کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا اور شہریوں کو آمدورفت میں نمایاں آسانی میسر آئے گی۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما زمان چیمہ اور اہل علاقہ نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments