ترقیاتی سکیموں میں حائل رکاوٹیں ختم کرنے کی ہدایت
منصوبے معیار کے مطابق ،مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں :ڈی سی کا خطاب
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نوید احمد کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام ،سوہنا پنجاب ڈویلپمنٹ اور پنجاب سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت واسا اور لوکل گورنمنٹ کی جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسر وں نے شرکت کی اور جاری و نئی ترقیاتی سکیموں کی موجودہ صورتحال، کام کی رفتار، مقررہ مدت تکمیل، درپیش مسائل، فنڈز کی دستیابی اور مزید درکار فنڈز کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسر وں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور مقررہ مدت کے اندر تکمیل یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور متعلقہ محکمے باقاعدگی سے فیلڈ میں جاری کاموں کی نگرانی کریں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور فنڈز سے متعلق مسائل کی نشاندہی کرکے فوری حل کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments