آر پی او کی ریجن بھر میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ
رواں سال جرائم کی مجموعی شرح میں 61فیصد کمی ریکارڈ کی گئی:خرم شہزاد وڑائچ
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے آر پی او آفس میں میڈیا پرسنز سے ملاقات کی جس میں ریجن بھر میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر آر پی او نے گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کے دوران گوجرانوالہ ریجن میں جرائم کی شرح میں ہونے والی نمایاں کمی کے اعداد و شمار سے میڈیا نمائندگان کو آگاہ کیا۔آر پی او نے بتایا کہ پولیس کی مؤثر حکمت عملی، پیشہ ورانہ مہارت، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں، مؤثر گشت اور جدید تفتیشی اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال ریجن بھر میں جرائم کی مجموعی شرح میں 61 فیصد نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو ریجنل پولیس کی کارکردگی اور جرائم کی روک تھام کیلئے جاری اقدامات کا واضح ثبوت ہے ۔ آر پی او نے بتایا کہ ڈکیتی کے واقعات میں 90فیصد، راہزنی میں 80فیصد، نقب زنی میں 74 فیصد، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری میں 56 فیصد، جھپٹا و سنیچنگ میں 54 فیصد، تیزاب گردی میں 50فیصد جبکہ قتل کے مقدمات میں 33فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح مویشی چوری کے واقعات میں 32فیصد، گینگ ریپ میں 26 فیصد، ریپ کے مقدمات میں 13فیصد اور بچوں سے زیادتی کے واقعات میں 2فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ریجنل پولیس آفیسر نے خواتین اور بچوں کے تحفظ اور بازیابی کے حوالے سے پولیس کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ صرف ماہ اکتوبر 2026 کے دوران گوجرانوالہ ریجن کے مختلف اضلاع سے 501خواتین اور 60گمشدہ بچوں کو بحفاظت بازیاب کروا کر ان کے اہل خانہ کے حوالے کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments