ڈسکہ :بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار، گزرنا محال
دکانداروں نے قانون کی دھجیاں اڑاتے کئی کئی فٹ تجاوزات قائم کرلیں
ڈسکہ(نامہ نگار )ڈسکہ کے مصروف و معروف بازاروں اور سڑکوں میں تجاوزات کی بھر مار، گاہکوں کاگزرنا محال،دکانداروں نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں،ڈسکہ کا مرکزی بازار تجاوزات کی زد میں آ گیا جس کے باعث نہ صرف پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ مقامی دکانداروں نے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بازار میں دکانوں کے سامنے کئی کئی فٹ تجاوزات قائم کر رکھی ہیں رہی سہی کسر دکانوں کا سامان سڑک کے درمیان سجا کر پوری کر دی ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پیرا فورس، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر تمام مقامی انتظامی ادارے اس وقت ڈسکہ مین بازار،سمبڑیال روڈ میں تجاوزات ختم کر انے میں مکمل طور پر بے بس دکھائی دے رہے ہیں، بار ہا نشاندہی کے باوجود اب تک کوئی ٹھوس یا گرینڈ آپریشن نہیں کیا جا سکا جس سے تجاوزات مافیا کے حوصلے مزید بلند ہو چکے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ ،اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر سمیت اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور مین بازار ،سمبڑیال روڈ کو مسائل سے نجات دلانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments