میٹروٹنل: 29 کاروباری مراکز مسمار کرنے کی تیاری
زیرزمین اڑھائی کلومیٹر سرنگ کے راستے میں 15مرلے سے زائد اراضی گرائی جائے گی، فہرست مرتب،حکومتی پالیسی کے تحت معاوضہ ادا کیا جائیگا
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ کے میگا پراجیکٹ میٹرو بس منصوبے کے تحت تعمیر ہونے والی زیر زمین 2اعشاریہ 5 کلومیٹر ٹنل کے راستے میں آنے والی29 سرکاری و غیر سرکاری اراضی، دکانوں اور کمرشل پراپرٹیز کی نشاندہی کر لی گئی ہے ۔ 15 مرلے 181 فٹ اراضی گرائی جائے گی۔ اس سلسلے میں خسرہ نمبرز 2452 تا 2456 کے تحت متاثرہ پراپرٹیز کی فہرست مرتب کی گئی ہے ، جس میں 29 دکانوں اور کاروباری مراکز کا اندراج کیا گیا ہے ۔ منصوبے کی تعمیر کے باعث متاثر ہونے والی پراپرٹیز کے مالکان کو حکومتی پالیسی اور مقررہ قانونی طریقہ کار کے مطابق معاوضہ ادا کیا جائے گا، تاکہ میٹرو ٹنل کی تعمیر کے دوران متاثرہ افراد کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔ فہرست میں خان پلازہ ،سیالکوٹ سویٹس ،سبحان سینٹر ،جے ایس مال ، عابد کوزی حلیم ، اعجاز زمان پرانی بانڈ ، اللہ رکھا سب کا تکہ شاپ ، کیانی ملک ، کیانی آئس کریم، پنجاب فالودہ، صلاح الدین دال چاول ، عاشر علی بٹ خواجہ سینٹر ، سبحان پلازہ ، حبیب سینٹر ، نیشنل بینک آف پاکستان ، جاوید سینٹر ، انور سینٹر ، کنگ بریانی ،عامر پلازہ ،چودھری سینٹر، سرمد موبائل، میر بابر ، ویوو سینٹر ،لالہ موبائل سینٹر ، فوٹو سٹوڈیو (نام کی تصحیح درج ہے )، آصف ڈیکوریشن ، ایشیا فلاور شاپ، شبیر ٹی وی سینٹر،خالد جاوید وغیرہ اور بابا اسلم ٹی سٹال شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 29کاروباری مراکز، 15مرلے اور 181مربع فٹ رقبہ درج ہے ۔میٹرو ٹنل منصوبے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے حوالے سے یہ معاملہ اہمیت اختیار کر گیا ہے ۔ متاثرہ دکانداروں اور پراپرٹی مالکان کی نظریں اب حکومتی معاوضے کے طریقہ کار اور ادائیگی کے عمل پر مرکوز ہیں۔ واضح رہے کہ ان پراپرٹیز کے مالکان نے میٹرو ٹنل کے خلاف احتجاج بھی کیا اور جی ٹی روڈ بلاک کی تھی، تاہم ان کا احتجاج کامیاب نہ ہوسکا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments