ڈیلرز کو پرمٹ کا اجرا:راولپنڈی میں20کلو آٹے کا تھیلا800 روپے سستا
راولپنڈی (خاور نواز راجہ) ضلعی انتظامیہ نے آٹا ڈیلروں کو بین الاضلاعی پرمٹ جاری کر دیئے جس سے راولپنڈی میں آٹے کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی۔
20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 800روپے، فائن اور میدے کی 80کلو کی بوری2 ہزار روپے تک سستی ہو گئی۔ راولپنڈی انتظامیہ نے فلور ڈیلرز کو پنجاب کے دوسرے اضلاع سے آٹا، فائن اور میدہ لانے کیلئے پرمٹ کا اجرا کیا جس کے باعث ڈیلروں نے راولپنڈی میں آٹا کم ریٹ پر فروخت کرنا شروع کر دیا۔ اس سے پہلے راولپنڈی کی فلور ملوں میں 20کلو آٹے کا تھیلا 3300روپے جبکہ 15کلو کا تھیلا 2550روپے میں فروخت کیا جا رہا تھا، ڈیلروں کو پرمٹ کے اجرا کے بعد پنجاب کے دوسرے شہروں سے آٹا لانے کی وجہ سے مقامی فلور ملوں نے 20کلو تھیلے کی قیمت 800روپے کم کر کے 2500کر دی ہے، فائن اور میدے کی 80کلو کی بوری کا مل ریٹ 13900روپے تھا، اب اس کی قیمت 2ہزار روپے کمی سے 11ہزار 900روپے ہوگئی ہے۔