کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کارروائی کے احکامات جاری
راولپنڈی (خبرنگار) چیف ٹریفک آفیسر تیمور خان نے قیمتی و ننھی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر ضلع راولپنڈی کے تمام سرکل و سیکٹر انچارجز کو کم عمر ڈرائیورز کیخلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے۔
چیف ٹریفک آفیسر نے تمام سرکل انچارجز کو ہدایات جاری کیں کہ شہر کے اہم مقامات پر ناکے قائم کرتے ہوئے کم عمر ڈرائیونگ پر پکڑی گئی گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کوچالان ٹکٹ جاری کرنے کیساتھ تھانوں اور سیکٹر میں بندکیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں حادثات کی بڑی وجہ کم عمر میں موٹر سائیکل و گاڑی چلانا ہے کیونکہ کم عمر ڈرائیور میں فوری فیصلہ کرنے کی صلاحیت نہیں ہوتی، حادثات کا اندیشہ زیادہ ہوتا ہے، 18سال سے کم عمر ڈرائیونگ پر بچوں کے مستقبل کے پیش نظر ایف آئی آر نہیں دی جا رہی، والدین سے بیان حلفی لے کر چھوڑا جائے گا۔ علاوہ ازیں سی ٹی او کا صرافہ بازارکی مختلف شاہراہوں کا معائنہ، انجمن تاجران، عہدیداران و ممبران سے ملاقات کی، تاجران نے ٹریفک مسائل بیان کئے جس پر سی ٹی او نے تاجر برادری کو مسائل ہر ممکن طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔