پولٹری ایسوسی ایشن کاچکن کی یکساں نرخ پالیسی کیخلاف احتجاج

راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) پولٹری ریٹیلرز ایسوسی ایشن اور پولٹری آڑھت ایسوسی ایشن راولپنڈی نے بین الاضلاعی سطح پر پولٹری کی یکساں قیمتوں کے نفاذ کی انتظامی پالیسی کو ناقابل عمل اور خلاف میرٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور
خبردار کیا کہ اگر حکومت اور انتظامیہ نے اپنی پالیسی پر نظر ثانی نہ کی تو نہ صرف احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا بلکہ انصاف کے حصول کے لئے عدالت عالیہ کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار پولٹری آڑھت ایسوسی ایشن کے صدر ملک غضنفر اور پولٹری ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے صدر نے مرغی منڈی باغ سرداراں میں پرچون فروشوں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کیا، انہوں نے کہا حکومت اور انتظامیہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں چکن کا ایک ریٹ مقرر کرنا چاہتی ہے جو راولپنڈی کے ریٹیلرز کے لئے کسی طور قابل عمل اور قابل قبول نہیں ۔ ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے صدر ظہیر عباس عباسی نے کہا کہ راولپنڈی میں مقامی طور پر فارمنگ نہ ہونے سے اخراجات باقی اضلاع سے زیادہ ہیں ۔