146 ادویات کی قیمتوں میں 150فیصد تک اضافہ

146 ادویات کی قیمتوں میں 150فیصد تک اضافہ

اسلام آباد (ایس ایم زمان) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ہارڈ شپ کیس کے تحت 146 ادویات کی قیمتوں میں 50 سے 150 فیصد اضا فے کے احکامات جاری کرد ئیے ۔

 ان میں کینسر، مرگی، انفیکشن ، ٹائیفائڈ ، یرقان، پلیٹ لیٹس ،چکن پاکس ، در د کی ادویات، ا نجکشن ،ویکسینز اور اینٹی بائیوٹک ادویات شامل ہیں ، بچوں کے سینے ، گلے کی خرابی میں استعمال ہونے وا لے اینٹی بائیو ٹک سیرپ اگمنٹین کی قیمت 325 روپے بڑھا کر 540روپے ، پلیٹ لیٹس اور خون کی بیماری کے علاج میں استعمال ہونے والے انجکشن کی قیمت ساڑھے 13 ہزا رسے بڑھا کر 26ہزار 769 مقرر کردی گئی ۔مرگی کے علاج کی گولی قیمت میں سوفیصد اضا فے کے بعد 2090 روپے کی ہوگئی ، ٹا ئیفائڈ کے انجکشن کی قیمت 6 ہزار وپے بڑھا کر11ہزار 853 روپے ، بریسٹ کینسر کے علاج کے ا نجکشن کی قیمت 3 ہزار روپے سے بڑھا کر 4ہزار 526 روپے ، حمل کے دوران خون کی بیماری کے علاج میں استعمال ہونے انجکشن کی قیمت پانچ ہزار 590 سے بڑھا کر 11 ہزار 687روپے ، پیٹ خرابی کے علاج کی دوائی اینٹامیزول گولیوں کی قیمت 115روپے سے بڑھا کر 242روپے ، بچوں کی بیماری چکن پاکس کے علاج کی ویکسین کی قیمت 17 سو بڑھا کر 2669روپے ، فنگل انفیکشن کے علاج میں استعمال ہونے والے دوائی کی قیمت 560سے بڑھا کر1290، بچوں کی حفاظتی ویکسین ایم ایم آر کی قیمت 655روپے سے بڑھا کر800روپے ، ایمرجنسی فیملی پلاننگ ایم پلانٹ کی قیمت 3 ہزار سے بڑھا کر 4ہزار486 ، نیند اور اعصاب کی دوائی والیم کی قیمت 150روپے بڑھا کر 356روپے کرد گئی ہے ۔وزارت قومی صحت نے 262 ادویات کی قیمتوں میں سمری منظوری کے لئے بھجوائی تھی تاہم وفاقی کابینہ نے 146 جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری دی تھی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں