اسلام آباد:نجی سکولز میں دوران سیشن فیسوں میں اضافہ پر پابندی

اسلام آباد:نجی سکولز میں دوران سیشن فیسوں میں اضافہ پر پابندی

اسلام آباد (ماہتاب بشیر) پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز ریگو لیٹری اتھارٹی (پیرا) نے نجی تعلیمی اداروں میں دوران سیشن فیسوں میں اضافہ پر پابندی عائد کر دی ۔۔

جبکہ لیٹ فیس کی صورت میں صرف 5فیصد جرمانہ عائد کرنے کی اجازت دی ہے، مزید یہ کہ فیس کی وصولی صرف ماہانہ بنیاد پر کی جاسکے گی، یکمشت فیس وصولی پر تعلیمی ادارے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دنیا کو دستیاب ممبر رجسٹریشن پیرا وقاص محمود کیانی کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کے سی ای اوز و پرنسپلز کو بھیجے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے سال میں ایک مرتبہ مخصوص فیصد کے حساب سے فیس میں اضافے کا اختیار رکھتے ہیں تاہم سیشن کے دوران فیس میں اضافہ کرنے والے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، نوٹیفکیشن کے مطابق 30روز تک تاخیر سے فیس جمع کرانے پر 5فیصد جبکہ دو ماہ تک فیس جمع نہ کرانے والے والدین کو سکول کی جانب سے مجموعی فیس کا دس فیصد جرمانہ ادا کرنا پڑے گا، نجی تعلیمی اداروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ مذکورہ حکمنامے پر عملدر آمد نہ کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں