رکشہ ڈرائیورزکیلئے لائسنس کے اجراء کی خصوصی مہم کا آغاز

 رکشہ ڈرائیورزکیلئے لائسنس کے اجراء کی خصوصی مہم کا آغاز

سرگودھا(سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے روڈ سیفٹی وڑن کے تحت سرگودہا میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمدجاویدقاضی۔۔

کمشنرسرگودہاجہانزیب اعوان اورڈپٹی کمشنرکیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اور ٹریفک پولیس کے باہمی اشتراک سے رکشہ ڈرائیورزکیلئے لائسنس کے اجراء کی خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا پولیس لائن میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے ملک محمد طاہرکی سرپرستی میں ہر اتواررکشہ ڈرائیورز کو لائسنس کے اجراء کیلئے مدعو کیا جائے گا۔ گزشتہ روز چھٹی کے باوجود 18رکشہ ڈرائیورز لائسنس بنوانے کیلئے آئے ۔سیکرٹری ڈی آر ٹی اے کا بتانا تھا کہ حکومت کے اس اقدام کا مقصد ہر رکشہ ڈرائیور کو لائسنس کی فراہمی کویقینی بنانا ہے ۔جس سے روڈسیفٹی اورایکسیڈینٹس میں خاطرخواہ کمی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے رکشہ ڈرائیورز کو اپنی دھیاڑی کو ضائع کرنے کے علاوہ مختلف مراحل سے گزر کر لائسنس بنواناپڑتا تھا۔ اس جھنجھٹ کے باعث بہت سے رکشہ ڈرائیورزنے لائسنس نہ بنوائے ہیں اور اب ہر اتوار ون ونڈو آپریشن کے تحت لائسنس کا اجراء کیا جائے گا۔انہوں نے حکومت کے اس انیشیٹو کو انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے رکشہ ڈرائیورز کو اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے لائسنس بنوانے کی ضرورت پرزوردیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں