قوانین ، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر نجی ہسپتال سیل
اسلام آ باد ( دنیا رپورٹ) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے قوانین کی خلاف ورزی اور عدالتی احکامات نہ ماننے پر مریڑ چوک کے قریب واقع نجی ہسپتال کو سیل کر دیا ۔
ہسپتال انتظامیہ ملٹری اسٹیٹ آفس کی رہائشی لیز کو کمرشل کے طور پر استعمال کر رہی تھی۔ کنٹونمنٹ بورڈ حکام کی جانب سے متعدد بار ہسپتال کو نقشے کی خلاف ورزی اور سرکاری جگہ پر تجاوزات کے بارے میں نوٹسز جاری کیے گئے ۔ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے سول کورٹ سے رجوع کیا گیا، سول کورٹ نے ہسپتال انتظامیہ کوکمرشل لیز پر منتقلی اور ترمیمی نقشے کے لئے متعلقہ دفتروں میں ایک مہینے کے اندر اپلائی کرنے کے احکامات جاری کئے تاہم ان پر عملدرآمد نہ کیا گیاجس پر ہسپتال کے دفاتر کو مکمل طور پر سیل کیا گیا جبکہ ہسپتال میں موجود مریضوں کی مشکلات کے پیش نظر ان ڈور وارڈ کو سیل نہیں کیا گیا۔