ایچ ای سی:خواتین ملازمین کیلئے مینٹورنگ پروگرام کا آغاز
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے خواتین ملازمین کیلئے ویمن ایمپاورمنٹ مینٹورنگ پروگرام کا آغاز کر دیا، یہ پروگرام نیشنل اکیڈمی آف ہائیر ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ان پاکستان پراجیکٹ کے تحت شروع کیا گیا۔۔۔
جو خواتین کی کمیونیکیشن، نیٹ ورکنگ اور تنازعات کے حل کی صلاحیتوں میں بہتری کے ساتھ ساتھ متعلقہ شعبوں میں موثر قیادت کیلئے مدد دے گا۔ مہمان خصوصی چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس اقدام کا مقصد تعلیمی شعبے میں خواتین کی نمائندگی، صلاحیت سازی اور قیادت کو فروغ دینا ہے۔ حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے سرگرم عمل ہے جن میں تعلیمی اداروں میں کوٹہ، تشدد سے بچاؤ کے مراکز کا قیام اور خواتین کے وراثتی حقوق کے فروغ جیسے اقدامات شامل ہیں۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے امید ظاہر کی کہ یہ پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔ نور آمنہ ملک نے بھی خطاب کیا۔