سیرینا چوک انٹرچینج کے دونوں انڈر پاسز پر کام کا آغاز

سیرینا چوک انٹرچینج کے دونوں انڈر پاسز پر کام کا آغاز

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سیرینا چوک اور جناح ایونیو انٹرچینجز منصوبوں کی سائٹس کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی، گیس سمیت دیگر سروس لائنز کی منتقلی کا کام تیزی سے جاری ہے، سیرینا چوک انٹرچینج کے دونوں انڈر پاسز پر بھی کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ منصوبوں پر جاری تعمیراتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز اور 24/7 گھنٹے تعمیراتی کام کرکے دونوں منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ، نیسپاک کی متعلقہ ٹیم منصوبوں کی سائٹس پر موجودگی یقینی بنائے، جناح ایونیو انٹرچینج پر فلائی اوور کے کام کا بھی جلد آغاز کیا جائے ، دونوں منصوبوں کے تعمیراتی کاموں کے ساتھ بیوٹیفکیشن کی بھی پلاننگ کی جائے اور تعمیراتی کاموں میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے ۔ ادھر چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس میں شہر میں طویل المدت بیوٹیفکیشن پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ باکو آذربائیجان کی ٹیم نے بیوٹیفکیشن کی کاوشوں پر بریفنگ دی۔ محمد علی رندھاوا نے کہا باکو کی ٹیم تجاویز شیئر کرے ۔ انہوں نے شاہراہِ دستور پر پولز تبدیل کرنے کیلئے ڈیزائن شیئر کرنے کی بھی ہدایت دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں