مری میں تعمیرات کیخلاف آپریشن بند کیا جائے، عوامی تحریک
مری (نمائندہ دنیا) ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں عام لوگوں کے گھروں کو مسمار کرنے کیلئے دور دراز کے دیہا ت میں جاگھسنا انتہائی قابل مذمت ہے۔۔
مری میں تعمیرات کیخلاف آپریشن بند کیا جائے ورنہ سخت احتجاج کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے رہنما، سابق امیدوار حلقہ این اے 51و پی پی چھ امجد ارباب عباسی نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی مری، تاجروں اور ہوٹل ایسوسی ایشن کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل ایک گرینڈ جرگہ میں پی پی پی کے رہنماؤں نے اعلان کیا تھا کہ تعمیرات کیخلاف ناروا آپریشن فوری بند نہ ہوا تو حکومتی اتحاد سے پی پی پی علیحدہ ہو جائے گی، اس اعلان پر فوری عملدرآمد کرایا جائے، روات مری کے گاؤں میں گھروں کا بلڈوز کیا جانا باعث حیرت ہے، حکومت دیہی حلقوں کیلئے ماسٹر پلان جاری کرے۔