کسان کارڈ زکی تعداد ساڑھے 7لاکھ کردی ، وزیر زراعت پنجاب
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)وزیرزراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں گندم کی کاشت بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
عاشق حسین کرمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا پنجاب میں گندم کی کاشت کا ہدف 1 کروڑ 65 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے زیادہ رقبے پر گندم کاشت کرنے والے کاشتکاروں کے لیے اربوں روپے کا خصوصی انعامی پیکیج دیا ہے جس کے تحت 1 ہزار ٹریکٹرز اور 1 ہزار لیزر لینڈ لیولرز بذریعہ قرعہ اندازی مفت فراہم کیے جائیں گے ۔ راولپنڈی ڈویژن کو گندم کی کاشت کا ہدف 14 لاکھ 91 ہزار ایکڑ دیا گیا ہے جس کے برعکس 15 لاکھ 3 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ پر گندم کاشت ہوچکی ہے ۔ اب تک کسان کارڈ کے ذریعے 24 ارب روپے سے زائد ڈی اے پی کھاد کی خریداری ہوچکی ہے جس سے گندم کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ وزیر اعلٰی پنجاب نے کسان کارڈ کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے 7 لاکھ کردی ہے ۔ 9500گرین ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی کا عمل مکمل ہوچکا ہے جس پر دس لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی دی جارہی ہے ۔کاشتکاروں کو الاٹمنٹ لیٹرز جاری کردیئے گئے ہیں۔کاشتکار اپنے حصہ کی رقم بینک آف پنجاب کی قریبی برانچ میں 5 دسمبر تک جمع کرائیں۔ٹریکٹرز پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر ڈلیور کیے جائیں گے ۔