اسلام آباد ،بی ایچ یوز میں ٹیلی میڈیسن سروسز شروع کر نیکا فیصلہ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا۔۔۔
جس میں اسلام آباد کے بنیادی صحت مراکز (بی ایچ یوز) اور دیہی صحت مراکز (آر ایچ سیز) میں ٹیلی میڈیسن سروسز کے آغاز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئر مین سی ڈی اے کو بی ایچ یوز میں ٹیلی میڈیسن کی سہولت متعارف کرانے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ یہ منصوبہ خصوصی طور پر ان مریضوں کے لئے متعارف کروایا جائے گا جنہیں فوری طور پر سپیشلسٹ ڈاکٹر ز تک رسائی کی ضرورت ہوتی ہے ،محمد علی رندھاوا نے خصوصی طور پر صحت کی خدمات کو زیادہ قابل رسائی اور مؤثر بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا. انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بی ایچ یوز میں ٹیلی میڈیسن سروسز کے آغاز کے لئے اخراجات کا تخمینہ لگایا جائے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر ٹیلی میڈیسن سروسز کو چند بی ایچ یوز میں چھ ماہ کے لئے ایک پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر متعارف کروایا جائے گا جس کے بعد اسے تمام بی ایچ یوز میں متعارف کرانے کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے گا۔