آئین ہمیں احتجاج کا حق دیتا ہے، کوئی ہمیں روک نہیں سکتا: اسد قیصر
پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پر امن احتجاج کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، آئین ہمیں احتجاج کا حق دیتا ہے، کوئی ہمیں روک نہیں سکتا۔
پشاور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں بھی جائیں گے اور سڑکوں پر بھی احتجاج ہوگا، پرامن احتجاج کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے خلاف ایکشن لے کر نفرتوں کو بڑھایا جا رہا ہے، احتجاج کرنے پر دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے، موجودہ حکومت کے پاس ایسے اقدامات کا کوئی جواز نہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں:اسد قیصر، شہریار آفریدی سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی حفاظتی ضمانت منظور
سابق سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ہماری لیڈر شپ کو ناجائز جیل میں رکھا جا رہا ہے، آئین ہر شہری کو حق دیتا ہے کہ وہ اپنے حق کے لئے آواز اٹھائے، پی ٹی آئی سب سے مقبول جماعت ہے یہ یکجہتی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کا احترام کیا ہے، کوئی اگر اس کا غلط فائدہ اٹھائے تو یہ اس کی بھول ہے، ہم ڈٹ کر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ غیرقانونی حکومت کے خلاف آواز اٹھائے۔
اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ افسران کو بتانا چاہتا ہوں کہ اپنی قانونی حد سے آگے نہ بڑھیں، ہمارا احتجاج ابھی ختم نہیں ہوا، ہمارے جو لوگ جیلوں میں ہیں ان کی رہائی پہلی ترجیح ہے، شہداء کے گھروں کو جائیں گے، جو ظلم ہوا ہے اس کے خلاف ہر حد تک جائیں گے، انٹرنیشنل فورم پر بھی آواز اٹھائیں گے۔