پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے ہندوستانی مال بردار جہاز کے 12 ارکان کو بچا لیا
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے گہرے پانیوں میں کامیاب میری ٹائم ریسکیو آپریشن کیا۔
پاکستان کے سرچ اینڈ ریسکیو زون میں ہندوستانی مال بردار جہازایم ایس وی AL PIRANIPIR کے ڈوبنے کے بعد 12 زندہ بچ جانے والے عملے کو ریسکیو کیا۔
ریسکیو آپریشن میں پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے شپس، بوٹس اور ایئر کرافٹ نے حصہ لیا، تقریباً 10بج کر 20 منٹ پرمیری ٹائم ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر پاکستان کو ایم آر سی سی ممبئی انڈیا کی جانب سے ایک فوری ای میل موصول ہوئی۔
ای میل میں ڈوبنے والے بحری جہاز سے بچ جانے والوں کو تلاش کرنے اور بچانے کے لیے مدد کی درخواست کی گئی، تیز ردعمل اور موثر رابطہ کاری کے نتیجے میں ہندوستانی مال بردار جہاز کے تمام 12 بچ جانے والے عملے کو بچا لیا گیا۔
ریسکیو آپریشن نے بین الاقوامی SAR ذمہ داریوں کو برقرار رکھنے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے عزم کو ظاہر کیا۔
یہ آپریشن کسی بھی قومیت کے بغیر، سمندری ہنگامی صورتحال کا جواب دینے کے لیے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نشاندہی کرتا ہے۔
ریسکیو آپریشن سمندر میں حفاظت اور بین الاقوامی کنونشنز کی پاسداری کے لیے پاکستان کی لگن کی عکاسی کرتا ہے۔