چیئرمین سی ڈی اے کا انٹرچینج منصوبوں کا دورہ، بریفنگ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر سرینا چوک اور جناح ایونیو ایف ایٹ انٹرچینج منصوبوں کا دورہ کیا، انہوں نے تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبوں پر بیک وقت 24/7تعمیراتی کام کیا جا رہا ہے، سرینا چوک سہروردی انڈر پاس پر چھت کا کام مکمل، سری نگر انڈر پاس کی پائلز اور گرڈرز کی کاسٹنگ کا 60 فیصد سے زائد کام بھی مکمل کیا جاچکا ہے، جناح ایونیو انٹرچینج منصوبہ کے فلائی اوور اور انڈر پاس پر بیک وقت کام جاری ہے، پائلز کا کام تیزی سے جاری ہے اور 52 میں سے 44 پر کام مکمل ہے، انڈر پاسز کی دیواروں اور بیڈ کا 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ ادھر برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر میٹ کینیل نے چیئرمین سی ڈی اے سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد علی رندھاوا سے سرمایہ کاروں کے وفد نے بھی ملاقات کی جنہیں ہوٹل کیلئے پلاٹس کے اوپن نیلامی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا پرائم لوکیشن پر سیکٹر F-5میں پلاٹ نمبر 6 اور 8 کھلی نیلامی کیلئے پیش کئے جارہے ہیں جہاں کمرشل، بزنس سینٹرز اور سروس اپارٹمنٹس بنانے کی بھی اجازت ہوگی۔