نمل میں ریئل اسٹیٹ پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر، وقائع نگار) نمل میں ریئل اسٹیٹ پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس ’’ریئل اسٹیٹ انڈسٹری کا ازسرنو تصور‘‘ کا آغاز ہو گیا۔
کانفرنس نمل کے فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز نے اسلامک ریلیف، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے اشتراک سے منعقد کی ہے۔ افتتاحی سیشن میں مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے شرکت کی۔ امارات گروپ کے سی ای او شفیق اکبر نے کلیدی خطاب کیا جبکہ آئی ایم سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عثمان غنی نے تعلیم اور اختراع کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر نمل کے ڈائریکٹر جنرل، بریگیڈیئر شہزاد منیر نے شرکا کا خیرمقدم کیا۔ امارات گروپ کے شفیق اکبر نے بتایا کہ ریئل اسٹیٹ پاکستان کی جی ڈی پی میں 40فیصد حصہ ڈالتی ہے لیکن خراب انتظامی منصوبہ بندی کے باعث مکمل صلاحیت تک نہیں پہنچ پاتی، ملک میں 8,000ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سے 5,500غیر قانونی ہیں۔ وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہاؤسنگ اور ریئل اسٹیٹ کے شعبوں میں پائیدار پالیسیاں بنانے کیلئے تعلیمی تحقیق پر انحصار ناگزیر ہے۔ کانفرنس میں ماہرین کے ذریعے ریئل اسٹیٹ انڈسٹری میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر ایسے حل سامنے لائے جائیں گے جن سے مارکیٹ کی کارکردگی اور سالمیت میں اضافہ ہوگا۔