ایتھوپیا و پاکستان کا ہوابازی شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد(وقائع نگار)ایتھوپیا اور پاکستان نے ہوابازی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس بات پر اتفاق ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر جمال بکرعبداللہ اور وفاقی سیکر ٹری ایوی ایشن احسن علی منگی کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر جمال نے کراچی میں ایتھوپین ایئرلائنز کے آپریشن شروع کرنے میں پاکستان کی حکومت کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی ایتھوپین ایئرلائنز کا آغاز کیا جائے تاکہ نہ صرف ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان بلکہ افریقہ اور پاکستان کے درمیان بھی روابط میں اضافہ ہو سکے۔ سفیر نے وفاقی سیکر ٹری کو پاکستان کی لک افریقہ اور انگیج افریقہ پالیسیوں کے مؤثر نفاذ کیلئے ایتھوپین ایئرلائنز کی اہم کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفاقی سیکرٹری ایوی ایشن احسن علی منگی نے افریقہ کو پاکستان کے قریب لانے میں ایتھوپین ایئرلائنز کے اہم کردار کو تسلیم کیا اور انہیں باہمی تعاون کو آگے بڑھانے میں اپنے ادارے کی حمایت کا یقین دلایا۔