مری میں ممکنہ برفباری سے قبل انتظامات مکمل کرنیکی ہدایت

مری میں ممکنہ برفباری سے قبل انتظامات مکمل کرنیکی ہدایت

راولپنڈی، مری (نیوز رپورٹر، نمائندہ دنیا) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت ماہانہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی/ڈی ای بی کا اجلاس ڈی سی آفس ایم آئی ٹی میں منعقد ہوا۔۔۔

 اجلاس میں سرمائی سیزن/ برف باری، فاریسٹ فائر اور حکومت پنجاب کی جانب سے شروع کی جانے والی ایئر ایمبولینس سروس سمیت ضلع مری کے تمام محکموں کی جانب سے بنائے جانے والے سرمائی سیزن، برف باری کور پلان پر گفتگو کی گئی اور اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے بریفنگ دی گئی، اجلاس میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان اور سیفٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ تمام انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں۔ سیکرٹری ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی انجینئر کامران رشید نے بتایا کہ جلد ڈیزاسٹر ایمرجنسی ماسڑ کور پلان تشکیل دے دیا جائے گا، سرمائی سیزن کے پیش نظر ضلع بھر میں ریسکیو 1122 کی 16 ایمرجنسی ایمبولینسز، 7فائر وہیکلز، دو ریسکیو اینڈ ڈیزاسٹر وہیکلز، دو ریکوری وہیکلز سمیت 20 ریسکیو موٹر بائیکس پر 270 سے زائد ریسکیورز اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ کسی بھی ناگہانی صورت حال میں ہیلپ لائن 1122 سمیت ریسکیو کنٹرول روم نمبرز 051933001،0519330025 اور ضلعی انتظامیہ کے ڈسٹرکٹ کنٹرول کے نمبر 0519269016, 0519269018 پر معلومات دی جاسکتی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں