بھارتی وزیر دفاع ، آرمی چیف کے بیانات امن کیلئے خطرہ ،قاسم نون

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے کہا ہے کہ۔۔۔
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور بھارتی آرمی چیف جنرل او چندر دویدی کے بیانات نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بھی ہیں۔بھارتی وزیر دفاع کا آزاد جموں و کشمیر کے بارے میں بیان اور بھارت کے نام نہاد دعوے تاریخی حقائق، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے کشمیر جرنلسٹس فورم کے نو منتخب عہدیداران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا قاسم نون نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کشمیری عوام کے حق خود ارادیت اور بھارتی مظالم کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتی رہے گی۔ بھارت کے الزامات اپنی ریاستی دہشت گردی اور کشمیری عوام پر ظلم و ستم کو چھپانے کی ایک ناکام کوشش ہے ۔ ہم بھارتی حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ اپنی جارحانہ پالیسیوں اور مظالم کو فوراً بند کرے ورنہ اسے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔