ایف بی آر کا پنجاب کالج سیٹلائٹ ٹاؤن میں آگاہی سیشن

اسلام آباد ( دنیا رپور ٹ ) ایف بی آر کے زیر اہتمام پنجاب گروپ آف کالجز میں ٹیکس آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا ،ٹیکس پیئر ز سروسز ونگ نے پنجاب گروپ آف کالجز سیٹلا ئٹ ٹاؤن کیمپس راولپنڈی میں ٹیکس کے حوالے سے آگا ہی دی اور محصولات جمع کرنے کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی ۔
کالج کے ڈائریکٹرپروفیسر چو دھری محمد اکرم ، پرنسپل اسد اقبال ، سٹاف اور طلبا نے شرکت کی۔ایف بی آر کی ٹیم میں سیکنڈ سیکر ٹری (ٹیکس ایجوکیشن) ظفر اقبال خان اور ٹیکس پیئرز سروسز ونگ کے دیگر ارکان شامل تھے ۔سیشن کے دوران سیکنڈ سیکرٹری (ٹیکس ایجوکیشن) نے تفصیلی پریذنٹیشن دی اور طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں ٹیکس ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہی پھیلا کر ٹیکس ایمبیسیڈر بنیں۔ کالج کے ڈائریکٹر پروفیسر چودھری محمد اکرم نے ایف بی آر کی طرف سے محصولات جمع کرنے اور ملک میں ٹیکس کمپلائنس کلچر کے فروغ کے لئے ایف بی آرکی کوششوں کو سراہا۔