وزیر داخلہ کا مارگلہ انکلیو ترقیاتی کام 31 دسمبر تک مکمل،پلاٹس کا قبضہ دینے کا حکم

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مارگلہ انکلیو کا 50فیصد ترقیاتی کام 14اگست تک اور 100فیصد کام 31دسمبر تک مکمل کرکے مالکان کو پلاٹس کا قبضہ دینے کا حکم دے دیا۔
وزیرداخلہ نے سی ڈی اے اور ڈی ایچ اے کے نئے مشترکہ سیکٹر مارگلہ انکلیو کا دورہ کیا اور سائٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ڈی ایچ اے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بریفنگ میں بتایا کہ مارگلہ انکلیو 10ہزار کنال اراضی پر بن رہا ہے جس میں 5 مرلہ، 10 مرلہ اور ایک کنال کے پلاٹس ہیں، درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 14فروری ہے ، وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے اور ڈویلپمنٹ ورک جلد مکمل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے مارگلہ انکلیو تک آسان رسائی کیلئے نیا راستہ تعمیر کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا وزیر اعظم ہاؤس سے مارگلہ انکلیو تک متبادل راستے کا فاصلہ صرف 5منٹ تک ہونا چاہئے ۔ محسن نقوی نے مارگلہ انکلیو کے راستے سے تجاوزات فوری ہٹانے کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا بہترین لوکیشن کی وجہ سے شہریوں نے اس منصوبے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، اس منصوبے میں خوبصورت لوکیشن کے ساتھ ساتھ شہریوں کو تمام معیاری اور جدیدسہولیات فراہم کی جائیں گی، مارگلہ انکلیو میں جھیل بھی بنے گی۔