حضرو تلہ گنگ : راستہ، اراضی تنازع پر باپ بیٹوں سمیت 6 افراد قتل

حضرو، تلہ گنگ(نمائندگان دنیا)حضرو اور تلہ گنگ میں راستے اور اراضی کے تنازع پر 6 افراد کو قتل کردیا گیا۔ حضرو کے نواحی علاقے ملاح میں راستے کے تنازع پر باپ کو اپنے دو بیٹوں سمیت قتل کر دیا گیا۔
محمد فیاض نے پولیس کو بیان دیا کہ ہماری زمین موضع ملاح میں واقع ہے جہاں جانے والا راستہ زوہیب کی زمین سے گزرتا ہے ، زوہیب میرے والد اور بھائیوں کو گزرنے سے منع کرتا تھا ،گزشتہ روز میرے والد اور میرے بھائی جنید اور بختیار کو زوہیب اور اس کے چچا آصف نے روک لیا ، زوہیب نے پسٹل سے فائرنگ کی جس سے میرے والد اور بھائی گر پڑے اور ملزم فرار ہو گئے ،والد اور بھائیوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں والد، بھائی جنید اور بختیار چل بسے، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کر کے مقدمہ درج کرلیا۔ علاوہ ازیں تھانہ صدر تلہ گنگ کی حدود نکہ کہوٹ کے قریب زمین کے تناز ع پر مخالفین نے چھت پر چڑھ کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں جبار احمد ولد صبح صادق، اس کا بھائی نوید افتخار ولد صبح صادق اور بیٹا عمیر افتخار ولد جبار احمد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشیں تحصیل ہیڈکوارٹر زہسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیں۔