تعمیراتی صنعت کے تنازعات، حل کیلئے حکمت عملی ناگزیر، وسیم نذیر

اسلام آباد(دنیا رپورٹ)چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر نے کہا تعمیراتی صنعت میں تنازعات کے حل کے لیے منظم حکمت عملی نا گزیر ہے۔
تعمیراتی شعبے میں تنازعات کے حل کے حوالے سے استعداد کار میں اضافے، قانونی معاونت، تنازعات کے حل کا فریم ورک اور متبادل تنازعاتی حل (اے ڈی آر) کے بارے میں آگاہی کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام انٹرنیشنل آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کانفرنس 2025 سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ پاکستان میں تعمیراتی صنعت میں تنازعات کے حل کا رواج موجود نہیں جس کی بڑی وجہ سماجی دبا ؤ اور دیگر رکاوٹیں ہیں اس کے نتیجے میں قانونی مقدمات سالوں تک عدالتوں میں زیر التوا رہتے ہیں۔ انہوں نے ٹھیکیداروں، کنسلٹنٹس اور کلائنٹس پر زور دیا کہ وہ تنازعات کے آؤٹ آف کورٹ حل کے عمل پر اعتماد قائم کریں۔ پی ای سی متبادل تنازعاتی حل (ADR) مراکز قائم کر رہا ہے، یہ مراکز تمام متعلقہ فریقین کی سماعت کریں گے۔ اور ماہرانہ رائے فراہم کریں گے۔ کانفرنس میں سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ، سابق ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی جسٹس (ر) سردار احمد نعیم، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹسز جاوید الحسن، عاصم حفیظ اور سلطان تنویر احمد نے بھی شر کت کی۔