دماغی صحت کے مسائل، خواتین زیادہ متاثر،ترجمان پولی کلینک

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد پولی کلینک ہسپتال کے ترجمان عبدالجبار نے کہا کہ مردوں کے مقابلہ میں خواتین ذہنی صحت کے مسائل سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔۔
ہر عمر کی خواتین کو سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، دماغی صحت کے مسائل کو کم کرنے کیلئے مناسب نیند کی عادات اور صحت مند انہ طرز زندگی اختیار کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے ان مسائل سے نمٹنے اور مجموعی بہبود کو فروغ دینے کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ خود کی دیکھ بھال کو ترجیح دیں جس میں باقاعدگی سے ورزش، صحت مند کھانا اور مناسب نیند شامل ہے۔ انہوں نے خواتین کو بدنامی یا فیصلے کے خوف کے بغیر اپنی جدوجہد کے بارے میں کھل کر بات کرنے کی ترغیب دی۔ ایک مشہور ماہر نفسیات ڈاکٹر ابر نے بھی کہا ذہنی صحت کے مسائل کو بڑھنے سے روکنے کیلئے ابتدائی مداخلت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ خواتین بیماری کی ابتدائی علامات پر خاموشی کے بجائے آواز اٹھائیں اور مدد حاصل کریں۔