ضلعی انتظامیہ نے راول ڈیم میں کشتی رانی پر پابندی لگا دی

اسلام آباد (اے پی پی) ضلعی انتظامیہ نے راول ڈیم میں عوامی تحفظ کے پیش نظر کشتی رانی کی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
حالیہ کریک ڈاؤن میں اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے راول ڈیم میں کشتی رانی کی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جس کے نتیجے میں ایک انجن فلوٹ اور تین کشتیاں ضبط کر لی گئیں جبکہ چار افراد کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کیلئے تھانہ بنی گالا منتقل کر دیا گیا۔ کشتی رانی پر پابندی دفعہ 144کے تحت لگائی گئی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے کہا کہ یہ پابندی شہریوں کو غیر مجاز کشتی رانی کے ممکنہ خطرات سے بچانے کیلئے لگائی گئی۔ اس ضابطے کے نفاذ کا مقصد حادثات کو روکنا اور راول ڈیم آنے والے سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔