سی ڈی اے کی مالی خود مختاری کیلئے مؤثر اقدامات ناگزیر،چیئرمین

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت جمعہ کے روز سی ڈی اے کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔
جس میں سی ڈی اے کی موجودہ مالیاتی پوزیشن، ذرائع آمدن اور اس کو مستقل بنیادوں پر بڑھانے سمیت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے کو مالیاتی طور پر خود مختار ادارہ بنانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں، انہوں نے مالیاتی اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے فنانس ونگ کو مزید مؤثر نگرانی کی ہدایت کی اور ڈی ایم اے کو اپنی تمام کمرشل پراپرٹیز کی لیز کا سروے کرنے، ڈیٹا تیار کرنے اور لیز کی گئی کمرشل پراپرٹیز کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدا یت کی اور کہا تمام سرکاری اور نجی پراپرٹیز جن کی لیز کی میعاد ختم ہو چکی ہے انہیں نوٹس جاری کیے جائیں۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے واجبات کی ریکوری کو مزید تیز کرنے کیلئے سپیشل ریکوری یونٹ قائم کرنے اور ڈی ایم اے کی پراپرٹیز پر کے نادہندگان کی الاٹمنٹ کو قانون کے مطابق منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔