انجینئر کی دریائے کابل کنارے لاش برآمد، لواحقین کا مظاہرہ
نوشہرہ (نمائندہ دنیا) پندرہ روز قبل لاپتا ہونے والے 19سالہ ایسوسی ایٹ انجینئر کی لاش دریائے کابل کے کنارے سے برآمد ہوئی ہے، لواحقین اور مشتعل مظاہرین نے لاش شوہرا چوک میں رکھ کر جی ٹی روڈ بلاک کر دی۔
مظاہرین نے پولیس اور مقامی ایم پی اے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ پولیس کی ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کے بعد مشتعل مظاہرین نے لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کر دی۔ ایس ایچ او تھانہ نوشہرہ کلاں جمشید خٹک کے مطابق مقتول کے بھائی کی رپورٹ پر اس کے دوست حسن کو مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ مقتول عبدالرحمن کا موبائل فون مسلسل بند آرہا تھا، گزشتہ صبح لوگوں نے اطلاع دی کہ ایک لاش دریائے کابل کے کنارے پڑی ہے جس کی ورثا نے شناخت کی۔ پولیس کے مطابق مقدمہ میں دفعہ میں 302بھی شامل کر لی۔