ایچ ایس اے کا ہیلتھ کیئر ورک فورس ایکسپورٹ منصوبہ تیار
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) ہیلتھ سروسز اکیڈمی نے پریئر لرننگ ریکگنیشن پروگرام کے تحت ہیلتھ کیئر ورک فورس ایکسپورٹ منصوبہ بنایا ہے۔
اس اقدام کا مقصد پاکستانی طبی ماہرین کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت دے کر انہیں عالمی صحت کی منڈیوں میں روزگار کیلئے تیار کرنا ہے۔ ایچ ایس اے کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ نہ صرف دنیا بھر میں صحت کے شعبے میں درپیش افرادی قوت کے بحران کو کم کرے گا بلکہ پاکستان کی معیشت کے استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔ دنیا میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر، پی ایل آر پروگرام کے تحت پاکستانی طبی ماہرین کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ ترقی یافتہ ممالک میں ملازمت کے مواقع حاصل کر سکیں۔