وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی باغ کی تعیناتی کیلئے سرچ کمیٹی تشکیل
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی زیرصدارت ویمن یونیورسٹی آزاد جموں وکشمیر باغ کا 21واں سینیٹ اجلاس ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں، وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی آزاد جموں و کشمیر باغ پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید نے جامعہ باغ میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔
صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود نے وائس چانسلر اور یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جامعہ باغ میں جاری تمام ترقیاتی پراجیکٹس کے کام میں تیزی لاتے ہوئے جلد مکمل کیے جائیں۔ اجلاس میں وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی باغ کی تعیناتی کیلئے سرچ کمیٹی تشکیل دی گئی۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ویمن یونیورسٹی دیگر جامعات کے مقابلے میں مالی طور پر کمزور ہے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور حکومت آزادکشمیر کو سپیشل مالی گرانٹ دینے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ انہوں ہدایت کی کہ جامعہ باغ میں تعلیم کے فروغ کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھا جائے ۔