بی آئی ایس پی امداد کی مستحق خواتین کے بینک اکاؤنٹ کھولنے کا فیصلہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس نوابزادہ افتخار احمد خان کی زیر صدارت ہوا، چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے پالیسی امور سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بی آئی ایس پی کی امداد حاصل کرنے والی خواتین کو کمیشن مافیا اور ایجنٹوں کے استحصال سے بچانے کیلئے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے رقم ادا کی جائے گی۔ پائلٹ پراجیکٹ میں لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، مظفرآباد، گلگت بلتستان اور مظفرگڑھ کے اضلاع کی مستحق خواتین کے بینک اکاؤنٹ کھولے جائیں گے۔ روبینہ خالد نے کہا اس اقدام سے مالی شفافیت میں بہتری آئے گی اور مستحق خواتین کو مکمل رقم کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔ حکومت کی کوشش ہے جون سے پہلے یہ نظام فعال کیا جائے۔ متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں کہ منصوبہ کو جلد از جلد عملی جامہ پہنائیں۔