شفافیت کیلئے موثر پیمانے بروئے کار لائینگے : وزیر تخفیف غربت

اسلام آباد(دنیا رپورٹ)وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا شفافیت اور احسن کارکردگی کیلئے تمام وسائل موثر پیمانے بروئے کار لائیں گے، بلا امتیاز ہر ضرورت مند کے بنیادی حقوق پورے کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری نویداحمدشیخ نے وزارت کے امور، جاری منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا ویمن امپاورمنٹ کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں گے۔ غربت کے خاتمے کیلئے جدید اور ڈیجیٹلائزڈ پراجیکٹس کا انعقاد زیر غور ہے جو برق رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ غریبوں اورمستحق افرادکوان کاحق پہنچانے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر نے بی آئی ایس پی اور پاکستان بیت المال کے پراجیکٹس کے جائزہ میں شفافیت اور کارکردگی بہتر کرنے پر زور دیا۔