آئی جی اسلام آباد کا رات گئے مختلف علاقوں کا دورہ، سکیورٹی کا جائزہ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے نماز کے اوقات میں مساجد پر موجود سکیورٹی کا جائزہ لیا۔
ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران سے ملاقات کی اور انہیں شاباش دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے، تمام سینئر افسران خود فیلڈ میں نظر آئیں۔ انہوں نے سینئر پولیس افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی ڈیوٹیز پر موجود تمام افسران کو بروقت ڈیوٹی پوائنٹس پر سحری و افطاری پہنچائی جائے، تمام افسران اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر ادا کریں، مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی ڈیوٹی میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔