عید خریداری، بازاروں میں رش بڑھ گیا، گہما گہمی عروج پر
اسلام آباد (سید قیصر شاہ) عیدالفطر میں ایک ہفتہ باقی رہنے کے باعث عید خریداری کے سلسلے میں تیزی آگئی، اتوار کو چھٹی کے باعث کاروباری مراکز میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی تاہم آسمان سے باتیں کرتی ہوئی مہنگائی کے طوفان نے عام آدمیسے لے کر سفید پوش طبقے تک سے عید کی خوشیاں چھین لی ہیں۔
جوتوں، کپڑوںسمیت تمام اشیائے ضروریہ کی خریداری خواب بن کر رہ گئی۔ رات گئے تک اب تجارتی مراکزمیں رونقیں عروج پر رہنے تو لگی ہیں تاہم کاروباری مراکز میں خریداری کا سلسلہ ونڈو شاپنگ تک ہی محدود ہے، ریڈی میڈ گارمنٹس، کپڑے، میک اپ، مصنوعی جیولری، چوڑیاں، پرفیوم اور دیگر اشیا کی خریداری میں دلچسپی کا سلسلہ بھی عروج پر پہنچ چکا ہے، تجاراتی مراکز میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اشیا کی قیمتوں میں 50سے 60فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے، عام کپڑے کی ریڈی میڈ مردانہ شلوا ر قمیض کم ازکم 3ہزار اور لیڈیز سوٹ 4سے 6ہزار تک کا ہے جبکہ بر انڈڈ مردانہ اور لیڈیز سوٹ کی قیمتیں آسمان کوچھو رہی ہیں، تاجروں نے خریداروں کو متوجہ کرنے کیلئے جہاں درجنوں بلب لگا کر دن کا سا ماحول بنا دیا ہے اور وہاں مختلف بازاروں میں دکانداروں نے اونچی آواز میں ریکارڈنگ بھی لگا رکھی ہے جہاں عید لوٹ سیل سپیشل آفر، سالانہ سیل کی آوازیں لگا ئی جارہی ہیں جبکہ دکانوں کے اندر اورباہر بھی سٹال لگائے گئے ہیں۔